نئی دہلی:23/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے حکومت پر رافیل سودے کو لے کر ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ 2008 میں اس لڑاکا طیارے کے تناظر میں بھارت اور فرانس کے درمیان ہوئے معاہدے میں ایسا کوئی قانون نہیں تھا جس کی وجہ سے اس سودے کی قیمت ظاہر نہیں کیا جا سکتی تھی ۔ سابق وزیر دفاع اور کانگریس کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نمائندوں سے کہا کہ معاہدے پر رازداری سے متعلق حکومت کا دعوی مکمل طور غلط ہے۔ کانگریس کے خصوصی ترجمان سرجے والا نے بھی الزام لگایا کہ وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے اس مسئلے پر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا اور یہ استحقاق کی خلاف ورزی کا معاملہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 24 گھنٹے میں پی ایم مودی اور نرملا سیتا رمن کے خلاف نوٹس فائل کریں گے۔ اے کے انٹونی نے کہا کہ حکومت کو ہر طیارے کی قیمت ظاہر کرنا ہوگی ۔ انٹونی نے کہا کہ حکومت طیارے کی قیمت بتانے سے انکار نہیں کر سکتی کیونکہ اس معاہدے کی کیگ اور پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی طرف سے جائزہ لیا جائے گا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر آنند شرما نے کہا کہ پارلیمنٹ کو یہ بتانا حکومت کا فرض ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن نے طیارے کی قیمت کے معاملے پرملک کو گمراہ کیوں کیا ۔ شرما نے کہا کہ فرانس کی حکومت کو رافیل طیارے کی قیمت بتائے جانے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ فرانس کے صدر نے راہل گاندھی کو اس بات سے آگاہ کیا تھا۔وہیں کانگریس صدر راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی کے کچھ ارکان نے استحقاق کی خلاف ورزی کی تجویز کی نوٹس دی ہے جس پر لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ وہ اسے دیکھیں گی۔ بی جے پی ارکان نشی کانت دوبے، انوراگ ٹھاکر، دشینت سنگھ اور پرہلاد جوشی نے راہل گاندھی کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی تجویز کا نوٹس دیا ہے۔ بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی نے جمعہ کو ایوان میں اپنی تقریر میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع نرملا سیتا رمن کے خلاف جھوٹے الزام لگا کر پارلیمنٹ کو گمراہ کیا۔ لوک سبھا میں پیر کو وقفہ سوال مکمل ہوتے ہی دوبے نے کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی تجویز کا نوٹس دیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی جب بھی بولتے ہیں، اس سے بی جے پی کے ووٹ بڑھنے میں ہی مدد ملتی ہے۔ کانگریس کے ارکان نے اس پر احتجاج درج کرایا۔ لوک سبھا صدر نے کہا کہ میں نے اس موضوع کے تحت غور کروں گی۔راہل گاندھی کے خلاف الزام جمعہ کو ایوان میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تجویزپر بحث کے دوران رافیل لڑاکا طیارے معاہدے کو لے کرکے گئے تبصرے سے متعلق ہیں۔